• news

سٹاک مارکیٹ 927 پوائنٹس بڑھ گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 27 پیسے، سونا 3500 روپے تولہ مہنگا

کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو زبردست تیزی کا رجحان رہا۔  مارکیٹ کے سرمائے میں بھی 1کھرب 25ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 89کھرب روپے سے بڑھ کر 90 کھرب روپے پر جا پہنچا۔ جبکہ 78.07فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ کے ایس ای100 انڈیکس میں 926.92پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 61226.93 پوائنٹس سے بڑھ کر 62153.84پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح 269.59پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30 انڈیکس 20685.12پوائنٹس سے بڑھ کر 20954.71 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 41290.80پوائنٹس سے بڑھ کر 41876.85پوائنٹس پر جا پہنچا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں5پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر 279.40روپے سے کم ہو کر 279.35روپے ہو گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں27پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر 281.32روپے سے بڑھ کر 281.59روپے ہو گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 82پیسے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد یورو کی قدر 302.88روپے سے کم ہو کر 301.17روپے پر آ گئی۔ اسی طرح 1.16روپے کی نمایاں کمی سے برطانوی پونڈ کی قدر 354.88روپے سے گھٹ کر 353.72روپے پر آ گئی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 3500روپے کی کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد ایک تولہ سونا 2لاکھ 10ہزار 800روپے کا ہو گیا۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو 3001روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 80ہزار 727 روپے پر آگئی۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں 33ڈالر سستا ہو کر فی اونس سونا 2010ڈالر کا ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن