• news

جماعت اسلامی کا کے پی کے میں پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت سازی میں تعاون سے انکار

اسلام آباد+ پشاور+لاہور (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ جماعت نے طے کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سے اشتراک قومی مفاد میں ہو گا تاہم پی ٹی آئی نے اپنے موقف تبدیل کیا۔ ترجمان جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی سے اتحاد کے حوالے سے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی۔ اس میں کہا گیا کہ جماعت اسلامی نے طے کیا تھا کہ قومی سطح پر تحریک انصاف سے اشتراک عمل قومی مفاد میں ہو گا لیکن تحریک انصاف نے اپنے موقف کو تبدیل کرلیا ہے۔ ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں بھی جس جماعت سے چاہے، اپنے معاملات طے کر لے، جماعت اسلامی کو خوشی ہو گی۔ جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خیبر پی کے میں حکومت سازی میں تعاون کرنے سے انکار کر دیا۔ مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون نہیں کر سکتے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا پی ٹی آئی سے بات چیت دونوں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے متعلق تھی لیکن پی ٹی آئی نے وفاقی سطح پر کسی اور جماعت کے ساتھ اتحاد کیا ہے اس لیے صرف خیبر پی کے میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

ای پیپر-دی نیشن