• news

مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، عوام دشمن پالیسیوںکیخلاف مظاہرے

سری نگر (کے پی آئی) مقبوضہ  جموں و کشمیر کے اضلاع سرینگر اور کپواڑہ میں مودی کی بھارتی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔سرینگر کے امر سنگھ کالج کے کنٹریکٹ لیکچراروں نے قابض انتظامیہ کی طرف سے گیسٹ فیکلٹی رولز میں ترمیم کے خلاف کالج میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں شامل لیکچراروں کا کہناتھا کہ رولز میں ترمیم سے ان کی تنخواہوں میں نمایاں طورپر کمی ہو گی۔ احتجاج میں شامل لیکچرارز نے ان کے ساتھ روا رکھے جانیوالے غیر منصفانہ سلوک کی مذمت کی۔ دوسری جانب ضلع کپواڑہ میں ایک بھارتی فوجی اہلکار پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا ہے۔ بھارتی فوج کا نس نائیک اشونی کمار کپواڑہ میں اپنی یونٹ میں ڈیوٹی کے دوران بے ہوش پایا گیا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔  مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی سمیت تین درجن کشمیری رہنما وں کو نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر  اور بھارت کی مختلف جیلوں میں بند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی حالت زار اور ان کے ساتھ روارکھے جانیوالے غیر انسانی سلوک کا فوری نوٹس لیں جبکہ انڈین نیشنل کانگریس کی مقبوضہ کشمیر شاخ کے صدر وقار رسول وانی نے مودی کی بھارتی حکومت کی طرف سے حزب اختلاف کے رہنمائوں اور جماعتوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کیلئے سرکاری مشینری کے بے دریغ استعمال کی شدیدمذمت کی ہے ۔وقار رسول وانی نے سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت آئندہ پارلیمانی انتخابات سے قبل مقبوضہ کشمیر میں اپوزیشن کے اتحاد کوتوڑنے کیلئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن