انڈونیشیا کے صدارتی الیکشن میں سابق جرنیل پرابووکو برتری
جکارتہ (نیٹ نیوز) ملک انڈونیشیا میں ہونے والے عام انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق جنرل پرابوو سوبیانتو صدارتی دوڑ میں برتری حاصل کر رہے ہیں۔ آبادی کے اعتبار سے دنیا کے سب سے بڑے مسلمان ملک انڈونیشیاء میں گزشتہ روز صدارتی پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوا جو 6 گھنٹے جاری رہا۔ ووٹوں کی گنتی جاری ہے، صدارتی انتخابات میں وزیر دفاع پرابوو سوبیانتو کو مضبوط برتری حاصل ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق وہ مخالفین انیس باسویدان اور گنجر پرانوو سے بہت آگے ہیں۔ 72 سالہ سابق جنرل پرابوو سوبیانتو نے کہا ابتدائی نتائج کے بعد وہ 55 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرتے ہوئے واضح طور پر جیت کیلئے پراعتماد ہیں، ان کے حریفوں انیس باسویدان اور گنجر پرانوو نے کہا وہ الیکشن کمشن کے اعلان کردہ نتائج کا انتظار کریں گے۔ پرابوو نے کہا ان کی حکومت سب کیلئے ہو گی اور وعدہ کیا کہ وہ ان کے ساتھ انڈونیشیا کے شہریوں کی حفاظت کریں گے۔