• news

توہین عدالت کیس، ڈی سی صاحب جا کر ویلنٹائن ڈے منائیں، التوا مانگنے پر جسٹس بابر ستار کا جواب

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کی عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز و دیگر کے خلاف توہین عدالت کیس میں وکیل کی استدعا پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے جواب جمع کرانے اور آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس پی آپریشنز جمیل ظفر و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، ڈپٹی کمشنر کے وکیل کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جس پر جسٹس بابر ستار نے کہاکہ پہلے ہی ہم بہت زیادہ وقت دے چکے ہیں، آج کل ہم رات بارہ بجے تک عدالت لگاتے ہیں اور تیز ترین انصاف فراہم کرتے ہیں۔ جسٹس بابر ستار نے وکیل رضوان عباسی سے کہاکہ رضوان عباسی صاحب آپ تو اس سے متعلق اچھے سے جانتے ہیں نا۔ وکیل رضوان عباسی نے کہاکہ شاہ خاور صاحب بھی اس کیس کا حصہ رہے ہیں۔ جسٹس بابر ستار نے کہا کہ پھر تو آپ کا دیر تک سماعت کا تجربہ ہو گیا ہو گا، آج ویلنٹائن ڈے ہے، ڈپٹی کمشنر صاحب بھی جا کر ویلنٹائن ڈے منائیں اور آپ بھی منائیں۔ وکیل رضوان عباسی نے کہاکہ ہم نے ریکارڈ کیپر کے حوالے سے بیان حلفی فائل کرنا ہے۔ جسٹس بابر ستار نے کہا کہ آپ اپنا جواب داخل کریں اس کے بعد اس پر بحث کریں۔ جسٹس بابر ستار نے کہا کہ آپ کی مرضی سے ہی تاریخ دی گئی تھی۔ وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے 22 فروری کو دس دن کے لیے عمرے پر جانا ہے۔ جسٹس بابر ستار نے کہاکہ ہم اس سے پہلے ہی کیس کا فیصلہ کر دیں گے۔ عدالت نے کیس سماعت 16 فروری تک کیلئے ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن