بدترین جمہوریت آمریت سے بہتر‘ متواتر الیکشن سے تبدیلی آتی ہے: اختر اقبال ڈار
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ بری سے بری جمہوریت آمریت سے بہتر ہے اور جمہوریت ایک بہتی ندی کی مانند ہے۔ بہتے پانی سے گندگی، برے عوامل، منفی رحجان، منفی اقدامات، رکاوٹیں آہستہ آہستہ ڈھلتی اور ختم ہوتی جاتی ہے۔ اسی طرح متواتر الیکشن کے انعقاد سے مثبت تبدیلیاں آتی ہیں جس سے عدم برداشت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ تحمل، برداشت اور ایک دوسرے سے مختلف نقطہ نظر رکھنے کے باوجود ایک ہی چھت تلے بیٹھ کر معاملات کو چلانے کی سکت پیدا ہو تی ہے۔ جمہوریت کی گاڑی چلتے رہنے میں ہی بہتری ہے اور جمہوریت کی گاڑی کو روکنا کبھی بھی نیک شگون نہ رہا۔ لہذا آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنی اپنی انا اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے صرف اور صرف پاکستان کی خاطر مل بیٹھ کر ملکی معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔