پی ایس ایل فرنچائزز کے نوجوان کرکٹرز کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ فرنچائز پشاور زلمی کے قومی ٹیم کے 19سالہ فاسٹ بائولر محمد ذیشان نے کہا ہے کہ پشاور زلمی کیلئے منتخب ہونا بڑا لمحہ تھا ۔ بابر اعظم کیساتھ ڈریسنگ روم شیئر کروں گا اور ان کیساتھ کھیلوں گا، ۔قومی انڈر19کے کپتان کراچی کنگز کے وکٹ کیپر بیٹر سعدبیگ نے کہا کہ کراچی کنگز کی جانب سے منتخب ہونے کو کارنامہ سمجھتا ہوں ۔شعیب ملک اور کیرون پولارڈ جیسے سینئرز سے ان کے کام کے بارے میں پوچھوں گا۔اسلام آباد یونائٹیڈ کے قومی انڈر19فاسٹ بائولر عبید شاہ نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھروسہ کیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعتماد پر پورا اترنے کی امید کرتا ہوں۔نوجوان بیٹر شامل حسین نے کہا کہ انہوں نے تکنیک اور شاٹس کو ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ لیجنڈ برائن لارا سے اپنایا ہے۔ یقین نہیں کر سکتا تھا کہ مجھے منتخب کرلیا گیا تھا۔ میری محنت کا نتیجہ دیکھنا بہترین احساس تھا۔لاہور قلندرز میں شامل سپنرسید فریدون نے کہا کہ ٹیم اور انتظامیہ مجھ سے جو توقعات رکھتی ہے میں اسے پورا کرنا چاہتا ہوں۔پچھلے دو سیزن میں راشد خان کیساتھ ڈریسنگ روم شیئر کیا بہت کچھ سیکھا ہے۔ملتان سلطانز کے سپنر فیصل اکرم نے کہا کہ اگر کھیلنے کا موقع ملا تو میں میدان میں اپنا 100 فیصد حصہ دوں گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹرخواجہ محمد نافع نے کہا کہ کوئٹہ نے چن لیا تو بہت خاص لمحہ تھا کیونکہ انہوں نے میرے ساتھ سخت محنت کی ہے۔ یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے کیونکہ اس لیگ میں پرفارم کرنا قومی ٹیم میں آپ کے سلیکشن کی راہ ہموار کرتا ہے۔میں جیسن روئے، محمد عامر اور سرفراز احمد کیساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کیلئے بہت ْپرجوش ہوں۔ مجھے ان تجربہ کار کرکٹرز سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔