بلوچستان: کسی ایک ہی پارٹی میں جائیں گے، آزاد ارکان، حکومت ہم بنائیں گے: (ن) لیگ
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان میں نومنتخب آزاد ارکان کا حکومت سازی یا کسی جماعت میں شمولیت بارے مشاورتی اجلاس ہوا۔ نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی ولی نورزئی، مولوی نور اللہ، لیاقت لہڑی، بخت محمد کاکڑ، اسفند یار کاکڑ شریک ہوئے۔ عبدالخالق اچکزئی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ آزاد ارکان بلوچستان اسمبلی کا ایک ساتھ کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ آزاد ارکان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی صوبائی قیادت سے رابطے میں ہیں۔ جے یو آئی نے بھی بعض آزاد ارکان سے رابطے کئے ہیں۔ آزاد ارکان اسمبلی کا صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے مشترکہ موقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان میں بھی حکومت بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ صدر (ن) لیگ بلوچستان جعفر مندوخیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آزاد ارکان سے رابطے میں ہیں، (ن) لیگ بلوچستان کی سب سے بڑی پارٹی بن جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی اس بار بہت اچھی رہی۔