رنگ روڈ لوپ تھری کا افتتاح، ایل ڈی اے سٹی ایف بلاک کے الاٹیز کو قبضہ دیدیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) 12سال سے رکا ہوا لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کا منصوبہ صرف 130 روز کی ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیا گیا۔ محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔ محسن نقوی نے ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے پورے پراجیکٹ کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری 8کلومیٹر طویل ہے۔ پراجیکٹ کی لاگت 16ارب 50کروڑ روپے ہے۔ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا مکمل ہونا ناممکن تھا اور پوری ٹیم کا خواب تھا جسے مکمل کر لیا ہے۔ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پر پاکستان کا سب سے بڑا انٹرچینج بنایا گیا ہے۔ پوری ٹیم کے تعاون سے ہی لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ مکمل ہوا ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے تمام ملحقہ آبادیوں کو فائدہ ہو گا۔ علاقے میں ٹریفک کے بہت مسائل تھے، پوری ٹیم نے ملکر مسائل کا حل نکالا ہے۔ ہر وہ شخص کریڈٹ کا حقدار ہے جس نے کسی بھی طرح لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے کام کیا۔ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ سے ٹریفک جام رہنے کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا۔ پہلے ٹھوکر نیاز بیگ اور نہر پر ٹریفک جام رہتی تھی، اب چھٹکارا ملے گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کو آج ٹریفک کے لئے کھولا جارہا ہے، اس سے لاہور کا رنگ روڈ مکمل ہو جائے گا۔ محسن نقوی نے گرین ٹاون میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے افسروں اور عملے سے ملاقات کی منظم جرائم پر قابو پانے اور گینگز کی سر کوبی کیلئے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں سے ایل ڈی اے سٹی کے الاٹیز کو 10برس بعد پلاٹس کا قبضہ دے دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایل ڈی اے سٹی کا دورہ کیا اور خصوصی تقریب میں ایف بلاک کے الاٹیز کو پلاٹس کے قبضے کے لیٹرز دیئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بزرگ الاٹی کو سٹیج سے نیچے آکر پلاٹ کے قبضے کا لیٹر دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایک بزرگ بتا رہے تھے کہ میں نے ریٹائرمنٹ کا سارا سرمایہ یہاں لگا دیا ہے، 9سال کے بعد ایل ڈی اے کے الاٹیز کو قبضہ کا لیٹر ملا ہے۔ ایل ڈی اے سٹی کے الاٹیز 9سال اذیت کا شکار رہے کہ ایک جگہ پیسہ لگایا لیکن اس کا بھی کچھ پتہ نہیں کہ کب الاٹمنٹ ہو۔ ایل ڈی اے سٹی کے الاٹیز نے اپنا حق حلال کا پیسہ لگایا ہے، اتنی تاخیر نامناسب بات ہے۔ ایل ڈی اے حکام کو ہدایت کی کہ عزم کریں کہ آئندہ الاٹیز کو مقررہ وقت پر ہی قبضے کا لیٹر دیا جائے گا۔ جب بھی کوئی پراجیکٹ شروع کریں تو ذہن میں اس بزرگ کو ضروررکھیں جس نے اپنی ریٹائرمنٹ کا سرمایہ یہاں لگا دیا۔ محسن نقوی کی ہدایت پر مزار بی بی پاکدامن کیلئے ایمپرس روڈ سے نئے راستے کی تعمیر کا کام تیز اور نئے راستے کی تعمیر میں حائل تمام پختہ سٹرکچر ہٹا دیئے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے مزار بی بی پاکدامن کا دورہ کیا اور نئے راستے کیلئے زیر تعمیر سڑک پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سٹیڈیم میں صفائی کی صورتحال، فلڈ لائٹس کے انتظامات اور لیزر لائٹ شو کی تیاریوں کا بھی مشاہدہ کیا۔