کاروباربرادری، سرمایہ کاروں، صنعتکاروں نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا: وزیراعظم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبرنگار خصوصی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے مختصر عرصے میں معاشی بحالی کے لئے اقدامات کئے۔ لارج سکیل پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ نگران وزیر خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ حکام کی کوشش قابل ستائش ہیں۔ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں نے پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ صنعتکاروں نے بمشکل حالات میں ملک میں اعتماد بحال رکھا۔ معاشی ترقی میں کردار ادا کیا۔ نجی اور کاروباری شعبے کو برآمدات کے لئے سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ کاروبار کے لئے موزوں ماحول اور ٹیکس آمدن میں اضافے کے لئے اقدامات کیے۔ ملاقات میں سٹیل کی صنعت کے مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔وزیرِ اعظم نے ایف بی آر اور متعلقہ وزارتوں کو ان تجاویز پر غور کرکے انہیں حتمی شکل دینے کی ہدایت جاری کی۔