• news

بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، فرد جرم کی کارروائی مؤخر

اسلام آباد؍ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ خبر نگار) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190ملین پائونڈز ریفرنس میں ایک بار پھر فرد جرم کی کارروائی موخر کر دی گئی۔ گزشتہ روز 190 ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہونا تھی، فاضل جج محمد بشیر کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کسی کارروائی کے 20 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد کرنا تھی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے پروڈکشن کی درخواست دائر پر سماعت کی۔ وکیل بانی پی ٹی  آئی نے موقف اپنایا بانی پی ٹی آئی سرکار کی حراست میں ہیں عدالت پیش کیا جائے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیا جائے گا یا وڈیو لنک کے ذریعے حاضری ہو گی فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ جبکہ درخواست ضمانت پر عدالت نے سماعت 29 فروری تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی رخصت کے باعث بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج 5 مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 6 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر عدالت پیشی سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے نو مئی جلائو گھیرائو مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں انیس فروری تک توسیع کر دی۔ جونئیر وکیل نے موقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل اسلام آباد میں القادر ٹرسٹ کیس میں مصروف ہیں۔ دلائل دینے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی جیل سے ویڈیو لنک حاضری کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ دوسری طرف انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیسوں میں میاں اسلم اقبال، مراد سعید، حامد رضا، اعظم خان سواتی، حافظ فرحت، امتیاز احمد شیخ، زبیر خان نیازی، مسرت چیمہ، جمشید چیمہ، ضیاء خان سمیت گیارہ ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔

ای پیپر-دی نیشن