کوئی بھی ملک عوام کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا: عارف علوی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک اپنے عوام کی شمولیت کے بغیر ترقی اور خوشحالی کی خواہش نہیں رکھ سکتا , پاکستان دنیا کا پانچواں آبادی والا ملک ہونے کے ناطے زندگی کے ہر شعبے میں سبقت لے جانے کی بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مارگلہ گرینز گالف کلب میں منعقدہ سالانہ انویٹیشنل گالف ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ’اسپورٹس ڈپلومیسی‘ اقدام کے تحت، سرینا ہوٹلز نے مارگلہ گرینز گالف کلب کے تعاون سے ٹورنامنٹ کی میزبانی کی تھی۔ تقریب میں گالفرز، سفارتکاروں اور کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئیصدر مملکت نے کہا کہ عوام ملک کی مجموعی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے اہم محرک ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او سرینا ہوٹلز عزیز بولانی نے کہا کہ وہ مضبوط تعلقات کو فروغ دینے اور ٹیم ورک کے جذبے کو پروان چڑھانے کے لیے معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے منسلک ہونیکے لیے کھیلوں کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرتے رہیں گے۔اختتامی تقریب میں صدر نے چاروں کیٹیگریز میں جیتنے والوں اور رنر اپ کو انعامات سے نوازا۔ سفارتی، حکومتی اور مسلح افواج کے حکام، کاروبارء اور خواتین سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 110 گالفرز نے شرکت کی، جن میں خواتین کھلاڑیوں کا نمایاں دستہ بھی شامل تھا، مقابلے کے دوران مہارت اور تکنیک کا شاندار مظاہرہ کیا۔صدر نے خود بھی گالف میں شرکت کی۔