• news

پرویز خٹک پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی سربراہی، رکنیت سے مستعفی، محمود خان نئے چیئرمین مقرر

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیردفاع پرویز خٹک نے تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کی چیئرمین شپ اور ممبر شپ سے استعفیٰ دے دیا۔ پرویز خٹک نے اپنا استعفیٰ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو بذریعہ جنرل سیکرٹری بھجوایا۔ انہوں نے پارٹی کی چیئرمین شپ اور ممبر شپ دونوں سے استعفیٰ دیا۔ پرویز خٹک نے استعفے میں کہا ہے کہ صحت کے مسائل کی وجہ سے استعفی دے رہا ہوں اور صحت کی وجوہات پر پارٹی کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتا۔ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پرویز خٹک کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے نام سے جماعت بنائی تھی۔ عام انتخابات میں پرویز خٹک اپنی نشستوں سے ہار گئے تھے اور پی ٹی آئی پی نے خیبرپی کے اسمبلی کی دو نشستیں حاصل کر سکی ہے۔ پرویز خٹک کے استعفیٰ کے بعد محمود خان پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے چیئرمین مقرر ہوگئے۔ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین ضیاء اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ محمود خان جلد اپنی ذمہ داریوں کا عہدہ سنبھال کر پارٹی کے امور سرانجام دیں گے۔ ضیاء اللہ بنگش کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز نئے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری سینٹرل کمیٹی نے دے دی۔نیٹ نیوز کے مطابق  خیبر پی کے میں حکومت سازی کیلئے پاکستان تحریک انصاف اور  پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز  کے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دونوں پارٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں تمام نکات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے مخصوص نشستوں کا کوٹہ اور حکومت سازی کے لیے لیگل ٹیموں نے معاملات طے کر لیے۔ ذرائع نے بتایا پرویز خٹک نے معاہدے کے تحت پارٹی چیئرمین شپ اور بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے۔ اب پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی چیئرمین شپ کا عہدہ پی ٹی آئی کو ملے گا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے شریک چیئرمین محمود خان بدستور عہدے پر کام جاری رکھیں گے اور عمران خان سے مشاورت کے بعد جلد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن