پرویزالٰہی عمران کیساتھ، کمشنر پنڈی کو سلام آر او گجرات بھی ہمت کریں: قیصرہ الٰہی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی اور بہن بیگم ثمرہ الٰہی نے راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ میں نے کمشنر راولپنڈی کے استعفیٰ کا سنا ہے میں ان کو مبارک باد اور سلام پیش کرتی ہوں، وہ بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوئے ہیں۔ ان کی کوشش اور جرات دیکھ کر گجرات کے آر او حیدر عباس بھی ہمت کریں، میں نے آر او گجرات کو کہا تھا آپ پر پریشر تو بہت ہوگا لیکن سب سے زیادہ پریشر اللہ کی ذات کا ہونا چاہئے۔ آپ نے اللہ کی عدالت میں بھی پیش ہونا ہے وہاں کیا جواب دیں گے۔ بیگم قیصرہ الٰہی نے کہا کہ رات تک میں جیت رہی تھی لیکن صبح سات بجے ہروا دیا گیا۔ ہمارے حلقوں کی دوبارہ گنتی کے وقت آر او گجرات حیدر عباس کو ڈی پی او گجرات اٹھا کر اندر لے گئے اور پتہ نہیں کیا بات کی۔ چودھری پرویز الٰہی کے حلقے میں انتہا کی گئی۔ ڈبے کھولے نہیں گئے اور تماشے پر تماشے کئے گئے۔ چودھری پرویز الٰہی کی طبیعت اب بہتر ہے میرے بھائی چودھری شجاعت حسین، پرویز صاحب کو ملنے آئے تھے لیکن انہوں نے ملاقات سے انکار کر دیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے انہیں جا کر بتایا کہ شجاعت صاحب باہر رو رہے ہیں جس پر وہ ملنے آئے، ان کو کوئی مطلب نکالنا ہوگا، جو پرویز صاحب سے ملنے کے لئے آئے تھے۔ یہ ملاقات بھی صرف اٹھارہ منٹ کی ہوئی۔ چودھری پرویزالٰہی کا دو ٹوک موقف تھا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور انشاء اللہ کھڑا رہوں گا۔ سالک اور شافع بے ضمیر، جب تک جھوٹ نہ بولیں انہیں نیند نہیں آتی۔