خیبر پی کے 2 آپریشنز، 9 دہشت گرد ہلاک، جوان شہید: ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانے پر حملہ
اسلام آباد‘ لاہور‘ ڈی آئی خان (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) صوبہ کے پی کے میں سکیورٹی فورسز کے دو مختلف آپریشنز میں 9 دہشت گردوں کو جہنم حاصل کر دیا گیا، ضلع ٹانک میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، ان میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد رحمت اللہ عرف بدر منصور اور دہشت گرد امجد شامل ہے۔ جنوبی وزیرستان ضلع میں ایک دوسرے آپریشن میں ہیں۔ شدید فائرنگ کے شدید تبادلہ کے بعد 7 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا گیا، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی مذموم کارروائیوں، سکیورٹی فورسز پر حملوں معصوم شہریوں کو ٹارگٹ بنا کر ہلاک کرنے میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران ایک سپاہی شہباز اسلم بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ شہباز اسلم کا تعلق ہری پور سے ہے۔ ملک کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے عفریت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درآبدن میں تھانے پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشتگرد فرار ہو گئے۔ حملے میں مقامی لوگوں نے بھی پولیس کا ساتھ دیا۔ اسی تھانے پر چند روز قبل بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ ادھر کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے7 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 164خفیہ آپریشنز کئے۔ جن کے دوران165مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اورکالعدم تنظیموں 7 دہشت گردوں کو گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعی مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں رحیم شاہ، حسنین معاویہ، مرتضی حسن، محمد عثمان، رحمت اللہ، عثمان سعید اور کاشف ندیم شامل ہیں۔ جن کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ اور لشکرجھنگوی سے ہے۔ ان دہشت گردوں کی گرفتاری منڈی بہاؤالدین، بہاولپور، لاہور، گوجرانوالہ، جھنگ، میانوالی، لیہ، ساہیوال اور میانوالی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی ہے۔ دھماکہ خیز مواد 3048 گرام، ایک ہینڈ گرنیڈ، آئی ای ڈی بم 2، ڈیٹونیٹرز 6، حفاظتی فیوز وائر 6 فٹ، ایک پستول، 16 گولیاں، پرائما کارڈ 12 فٹ، کالعدم تنظیم کے رسالے، سٹیکرز، رسید بک 10، موبائل فون اور 38ہزار روپے نقدی برآمد ہوئی ہے۔ دہشت گردوں نے تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ دہشتگردانہ کارروائیوں میں اہم تنصیبات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 7ایف آئی آر درج کرکے انہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔