پاکستان سپر لیگ، رنگا رنگ افتتاحی تقریب، فنکاروں کے جلوے، شاندار لیزر شو
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار)پاکستان سپر لیگ کے 9ویں ایڈیشن کا میلہ شروع ہو گیا۔ میگا ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں ہوئی ۔ موسیقی کے ساتھ ساتھ آتش بازی اور لیزر شو کا مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ معروف گلوکار علی ظفر اور آئمہ بیگ نے لیگ کا ترانہ پیش کیااور پرفارمنس پر شائقین سے داد وصول کی ۔ گلوکار عارف لوہار اور بیندنوری نے بھی پرفارم کیا ۔ سٹیڈیم کے دروازے دن ساڑھے تین بجے کھولے گئے جبکہ افتتاحی تقریب کا آغاز شام ساڑھے چھ بجے ہوا۔ چیئرمین پی سی بی اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے آغاز پر قوم،شائقین اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔شائقین کو عالمی معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔پی ایس ایل جیسے انٹر نیشنل ایونٹس کے انعقادسے پاکستان کا دنیا بھر میں سافٹ امیج اجاگر ہو رہا ہے۔کرکٹ کے کھیل سے محبت رکھنے والوں کو پی ایس ایل میں اچھی کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔پاکستان سپر لیگ کے میچز کیلئے لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے میچوں کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں پی ایس ایل سیزن 9 کے تحت 9 میچ کھیلے جائیں گے جس کیلئے 7 ہزار سے زائد افسران و اہلکار میچز کی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس پی ایس ایل میچز کی جامع سکیورٹی پلان پر عمل پیرا ہے، ملکی و غیرملکی کرکٹرز اور شائقین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔پرامن اور محفوظ ماحول میں میچز کا انعقاد یقینی بنایا جائیگا، پی ایس ایل میچز کے دوران شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔اسلام آ باد یونائٹیڈ نے پاکستان سپر لیگ 9کے افتتاحی میچ میں میزبان لاہور قلندرز کو 8وکٹوں سے شکست دیدی ۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ لاہور قلندرز نے 5وکٹوں پر 195رنز بنائے ۔ صاحبزادہ فرحان 57‘فخر زمان تیرہ ‘عبد اللہ شفیق 28‘ڈیوڈ ویسا چودہ ‘شاہین آفریدی صفر پر آئوٹ ہوئے ۔ رسائی وینڈر ڈوسین 71رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ تامل ملز نے دو‘نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے ہدف18.2اوورز میں 2وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ کولن منروپانچ اور الیکس ہیلز36رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ کپتان شاداب خان 74اور آغا سلمان 64رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔ زمان خان اور سلمان فیاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔