• news

مجلس شوریٰ نے امیرجماعت اسلامی کا استعفیٰ مسترد کر دیا، دھاندلی پر خاموش نہیں رہیں گے: سراج الحق

لاہور + اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ ) جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری نے امیر سراج الحق کا استعفیٰ مسترد کر دیا۔ ترجمان جماعت قیصر شریف کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جماعت کی مرکزی مجلس شوریٰ نے متفقہ طور پر سراج الحق کا بطور امیر جماعت استعفیٰ مسترد کر دیا ہے۔ قیصر شریف نے بتایا کہ مرکزی مجلس شوریٰ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت دستور کے مطابق اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ قیصر شریف نے کہا کہ انتخابات میں ناکامی امیر جماعت کی نہیں بلکہ دھاندلی کی وجہ سے ہوئی، جماعت اسلامی انتخابات کے نتائج کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور چیف الیکشن کمشنر سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتی ہے۔ یاد رہے کہ سراج الحق نے انتخابات میں شکست کے بعد بطور امیر جماعت اسلامی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے قومی انتخابات کی ساری مشق مذاق بن چکی ہے، الیکشن پر قومی خزانہ سے50 ارب ضائع کیے گئے، اس کا حساب کون دے گا؟ جماعت اسلامی انتخابات میں دھاندلی پر خاموش نہیں رہے گی، ووٹ کے تقدس کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ دھاندلی کو ایکسپوز کرنے کے لیے پرامن عوامی احتجاج، قانونی راستہ سمیت آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے تمام آپشنز استعمال کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں اب تک 12الیکشنز ہو چکے ہیں، ہر الیکشن ارینجمنٹ کے تحت ہوا،70سے منظم دھاندلی کا سلسلہ جاری ہے، ملک دولخت ہوگیا، تاریخ سے سبق نہیں سیکھا گیا۔ پاکستان میں ہر انتخاب کے بعد مزید تباہی و بربادی کے آثار نمودار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادیدہ قوتوں اور مقتدر حلقوں نے ہر الیکشن میں مداخلت کی، ملک کی نام نہاد بڑی سیاسی جماعتوں نے غیر جمہوری قوتوں کو ہمیشہ کندھے فراہم کیے۔ جماعت اسلامی قومی وحدت کے قیام اور پولرائزیشن کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک کی موجودہ گھمبیر صورتحال میں مظلوم فلسطینیوں کو بھلا دیا گیا۔ پاکستانی عوام مہنگائی، بے روزگاری کے طوفان میں زندہ لاشیں بن چکے ہیں۔ جماعت اسلامی عوام اور مظلوموں کی حمایت میں بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔ دریں اثناء ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی 18فروری اتوار کو اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن