ایلیٹ، ہائی وے پولیس ہیڈکوارٹرز کا دورہ، روڈ سیفٹی کیلئے ہر اقدام کر رہے ہیں: محسن نقوی
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بیدیاں روڈ پر ایلیٹ پولیس فورس پنجاب اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے صوبائی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے کنٹرول روم کا وزٹ کیا اورکنٹرول روم سے ہائی وے پٹرولنگ کے سسٹم کا مشاہدہ کیا۔ پولیس افسروں سے ملاقات کی اور جانفشانی و پروفیشنل انداز سے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھر میں بغیر لائسنس گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ روڈ سیفٹی کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدام کیا جا رہا ہے۔ روڈ سیفٹی کے حوالے سے پٹرولنگ پولیس کو لیڈ لینی۔ محسن نقوی نے رات گئے بابو صابو ٹول پلازہ کا دورہ کیا اور بابو صابو ٹول پلازہ کو کشادہ کرنے اور ری ماڈلنگ پراجیکٹ کا معائنہ کیا۔ ٹول پلازہ کو کشادہ کرنے اور ری ماڈلنگ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور رات کو لیبر فورس کی تعداد بڑھا ئی جائے۔ مریدکے کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غفلت کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔