انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں، قانون بغیر ہچکچاہٹ اپنا راستہ بنائے گا: وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ملک میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات کو جمہوریت کے فروغ کی جانب ایک قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات کیلئے دستیاب قانونی راستے اختیار کئے جائیں۔ انتظامی اور عدالتی ادارے غیر جانبدارانہ انصاف فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں حال ہی میں ہونے والے عام انتخابات جمہوریت کے فروغ کی طرف ایک قدم ہے۔ معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے نمایاں ٹرن آئوٹ کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ انتخابات کے بعد یہ ضروری ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو یہ احساس ہو کہ جیت اور ہار جمہوری عمل کے بنیادی پہلو ہیں۔ وہ جماعتیں اور افراد جو انتخابی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات کا اظہار کرتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ دستیاب چینلز کے ذریعے قانونی راستے اختیار کریں۔ پاکستان کے قانون ساز، عدالتی اور انتظامی شعبے پر عزم ہیں اور سب کو غیر جانبدارانہ انصاف فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج اور اجتماع بنیادی حقوق ہیں لیکن انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں ہوگی اور قانون بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ اس نازک وقت میں انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ صرف ملکی اور غیر ملکی دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے، استحصال اور امن و امان کے سنگین چیلنجز پیدا کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔ نگران حکومت صبر و تحمل کی درخواست کرتی ہے، کیونکہ سیاسی جماعتیں وفاقی اور صوبائی دونوں سطحوں پر جمہوری روایات اور اصولوں کے مطابق حکومتیں بنانے کے لیے مشاورت میں مصروف ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ عمل باہمی افہام و تفہیم اور احترام کے ساتھ جلد از جلد اختتام پذیر ہو گا۔