این اے 47 کے نتائج میں ردوبدل ہوا: شعیب شاہین کا چیف جسٹس کو خط
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) تحریکِ انصاف کے شعیب شاہین نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو خط لکھ دیا، میں نے حالیہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے47 سے بطور امیدوار حصہ لیا۔ انہوں نے لکھا کہ فارم45 اور دیگر دستاویزی شواہد کے مطابق میں نے53 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے الیکشن میں کامیابی حاصل کی۔ میرے مدمقابل امیدوار نے51 ہزار613 ووٹ حاصل کئے۔ یکطرفہ طور پر فارم47 میں مجھے ناکام ظاہر کیا گیا۔ انہوں نے لکھا کہ فارم45 میرے مدمقابل امیدواروں مصطفی نواز کھوکھر، کاشف چوہدری و دیگر پاس بھی محفوظ ہیں، یہ صرف میرے حلقے کی صورتحال نہیں بلکہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں اور پورے پاکستان کے درجنوں حلقوں میں رپورٹ ہو چکی ہے۔ موجودہ صورتحال کا سد باب نہ کیا گیا تو ملک میں انارکی پھیل جائے گی۔ خط میں چیف جسٹس سے استدعا کی گئی کہ فارم45 کی روشنی میں فارم47 جاری کرنے اور حتمی نتیجہ و نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم صادر فرمایا جائے۔ رہنما پی ٹی آئی کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید استدعا کی گئی کہ نتائج میں ہیرا پھیری کرنے والے کو قانون کے مطابق سزا دینے کا حکم جاری کیا جائے۔