• news

پاکستان سپر لیگ: کوئٹہ نے پشاور، ملتان سلطانز  نے کراچی کنگز کو ہرا دیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 9 کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 16 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے اس میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ زلمی کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خوب فائدہ اٹھایا، ان کے اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا او 5 وکٹوں پر 206 رنز بنائے، جیسن رائے 75، سعود شکیل 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کے درمیان 157رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی۔ کپتان رائیلی روسو 13، شیرفن ردرفورڈ 20 اور محمد وسیم نے 4 رنز بنائے، خواجہ نافع 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ پشاور کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ لیوک ووڈ اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز جارحانہ رہا، اوپنر بابر اعظم اور صائم ایوب کے درمیان 91 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ صائم ایوب 26 گیندوں پر 42 رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے۔ محمد حارث 7، ٹام کوہلر18، پوویل 17اور موزلے نے 11 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 42 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔ پشاور کی ٹیم 6 وکٹوں پر 190 رنز بنا سکی۔ یوں کوئٹہ نے میچ 16 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ ابرار احمد نے 2، محمد عامر، محمد وسیم اور عقیل حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ ایونٹ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے ہرا دیا۔ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز نے 2 وکٹوں پر185 رنز بنائے، ریزا ہینڈریکس 79 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ ڈیوڈ ملان نے 41 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی، محمد رضوان 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ خوشدل شاہ 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ میر حمزہ اور ڈینئل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی بیٹنگ کوئی خاطر خواہ کار کردگی نہیں دکھا سکی۔ شعیب ملک کے علاوہ کوئی بھی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا۔کپتان شان مسعود30‘جیمز ونس پانچ ‘سعد بیگ صفر‘ڈینئل سیمز‘حسن علی ‘میر حمزہ‘ تبریز شمسی کھاتہ بھی نہ کھول سکے ۔ کیرون پولارڈاٹھائیس رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ کراچی کنگز کی ٹیم 8 وکٹوں پر 130 رنز بنا سکی۔ محمد علی نے تین‘ ڈیوڈ ولی‘ عباس آفریدی نے دو‘ دو اسامہ میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن