• news

غزہ: مزید 127 فلسطینی شہید: نیتن یاہو نے مسئلہ کا 2 ریاستی حل مسترد کر دیا

غزہ+ میونخ (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ ) اسرائیلی فوج کی غزہ میں وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، 24 گھنٹے کے دوران مزید 127 فلسطینی شہید کردیے گئے۔ غزہ کے علاقے دیر البلاح میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 10 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔ شہداء کی مجموعی تعداد 28 ہزار  985 ہوگئی۔ سفاک اسرائیلی فوج نے نصر ہسپتال پر دھاوا بول کر عملے کو گرفتار کرلیا اور سرجری آلات توڑ دیئے۔ سربراہ حماس اسمعیل ہانیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل جنگ بندی کے معاہدے میں تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔ ادھر حماس سے جنگ بندی کا معاہدہ نہ کرنے پر اسرائیلی دارالحکومت میں احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے تل ابیب میں سڑکوں پر نکل کر امریکا اور اسرائیلی حکومت کے خلاف شدید نعرے بلند کیے۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہماری اولین ترجیح جنگ بندی اور غزہ سے اسرائیل کی واپسی ہے۔  اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا اسرائیلی فوج کو جلد رفح شہر میں آپریشن کرنا چاہئے ورنہ جنگ ہار جائیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے کہا رفح آپریشن کی حمایت نہیں کر سکتے۔ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کل ہونے والے اجلاس کو امریکہ نے ویٹو کرنے کی دھمکی دیدی۔ فلسطین کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ روس نے حماس سمیت فلسطین کے دیگر گروپوں کو ماسکو مدعو کر لیا۔ تمام فلسطینی گروپوں کو 26 فروری کو بلایا گیا ہے۔ فلسطینی انتظامیہ کچھ شرائط کے ساتھ حماس سے اتحاد چاہتی ہے۔ ہمیں فلسطین کے اتحاد کی ضرورت ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کابینہ سے خطاب میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے عالمی مطالبات کو مسترد کرتے کہا کوئی بھی تصفیہ پیشگی شرائط کے بغیر براہ راست مذاکرات سے ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن