قومیت پرستوں کی گھناؤنی حرکتوں کے باوجود پیپلز پارٹی بلوچستان میں حکومت بنائے گی: سرفراز بگٹی
اسلام آباد (این این آئی+خبر نگارخصوصی)سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ قوم پرستوں کی تمام ترگھناؤنی حرکتوں کے باوجود پیپلز پارٹی بلوچستان میں حکومت بنائے گی۔پیپلزپارٹی بلوچستان کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے پریس کانفرنس کی جس میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی جماعت ہے اسی لیے اسے چاروں صوبوں سے نمائندگی ملی، پاکستان کے مفاد میں پارٹی نے دھاندلی کے باوجود انتخابات کو قبول کیا، بلوچستان میں جو منتخب ہوئے وہ تاریخی طور پر سیاسی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کے عوام نے بڑا مینڈیٹ دیا ہے، آزاد ارکان بھی پیپلزپارٹی میں آرہے ہیں، ہارنے والی کچھ قوم پرست جماعتیں واویلا کر رہی ہیں، جہاں وہ جیتے وہ ٹھیک اور جہاں ہارے وہاں اداروں کیخلاف زبان درازی کر رہے ہیں۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ جو لوگ ان قوم پرستوں سے جیتے وہ پہلی بار نہیں جیتے، ہمارے لوگ بھی کئی جگہوں سے غیریقینی طور پر ہارے ہیں، ہماری پارٹی کو بلوچستان کے کئی حلقوں میں تشویش ہے، اختر مینگل جو زبان استعمال کر رہے ہیں وہ کوئی مہذب سیاستدان استعمال نہیں کر سکتا، قوم پرستوں کو پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ ہضم نہیں ہورہا۔انہوںنے کہاکہ ہم ان کی تمام ترگھناؤنی حرکتوں کے باوجود بلوچستان میں حکومت بنائیں گے، اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ان حرکتوں سے ہمارے ارادے پست ہو جائیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے، ہم اپنی حکومت کے دوران بلوچستان کی عوام کی بہترین خدمت کریں گے۔