افغانستان پر دوحہ کانفرنس: تحفظات دور نہ ہونے پر طالبان کا شرکت سے انکار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی کی تقرری کی حمایت کر دی ہے اور قطر میں افغانستان کے حوالے سے اقوام متحدہ کی اہم کانفرنس شروع ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز شروع ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں 20 ممالک کے نمائندوں، انسانی حقوق کے رہنماؤں اور طالبان مخالف حکومت کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب افغانستان کے حکمران طالبان نے اقوام متحدہ کی جانب سے ان کے تحفظات دور کرنے سے انکار پر کانفرنس میں شرکت کی دعوت مسترد کر دی ہے۔ طالبان کا مؤقف ہے کہ انہیں افغانستان کے حقیقی نمائندہ تصور کیا جائے اور دیگر مندوبین کو ان کی مشاورت سے ہی مدعو کیا جائے۔ دوحہ کانفرنس میں پاکستانی وفد افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی سفیر آصف درانی کی سربراہی میں شرکت کر رہا ہے۔ دوحہ میں کانفرنس کے پہلے روز چند شرکاء نے اظہار کیا کہ اقوام متحدہ طالبان وفد کی موجودگی یقینی بنانے کے لیے معاملے کو اس سے بہتر انداز میں حل کرسکتی تھی۔ کانفرنس کے دیگر شرکاء کا خیال تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا مشرق وسطیٰ اور یوکرائن میں حالت جنگ میں ہے ایسے میں کانفرنس کا انعقاد کا مطلب ہے کہ عالمی برادری افغانستان سے غافل نہیں ہے۔