پنجاب کابینہ: ہائی وے پٹرولنگ پولیس رولزمیں ترمیم، قانون کی عملداری پر سمجھوتہ نہیں ہو گا: محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 41واں اجلاس ہوا۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس رولز میں ترمیم کی منظوری دی۔ نگران صوبائی کابینہ کے 39ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے امن عامہ کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقو ی نے کہا کہ صوبے میں قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اجلاس میں پی ایس ایل 9 کے سکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے پی ایس ایل 9 کے سکیورٹی پلان کے ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد کی ہدایت کی۔ محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں سابق سٹار کرکٹر جاوید میانداد نے ملاقات کی۔ میانداد نے چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں کرکٹ کے فروغ اور پاکستانی کرکٹ کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاوید میانداد نے پی ایس ایل 9 کے کامیاب آغاز پر محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کیا۔ جاوید میانداد نے کہا کہ امید ہے کہ آپ پاکستانی کرکٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے۔ کرکٹ کی بہتری کیلئے میری خدمات حاضر ہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقو ی نے کہا کہ جاوید میانداد کرکٹ لیجنڈہیں، آپ کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کا اصل مقام بحال کرانا ہے۔ ٹیم ورک پر یقین رکھتا ہوں، پاکستانی ٹیم کو مضبوط بنانے کے لئے مشاورت کی جا رہی ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دیا جائے گا تاکہ اچھے پلیئر ز سامنے آئیں۔ محسن نقوی پی آئی سی کے بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر فرقد عالمگیر کی رہائش گاہ شادمان گئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹر فرقد عالمگیر سے ان کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈاکٹر فرقد عالمگیر سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فورٹریس سٹیڈیم میں چیف منسٹر نیزہ بازی (Tent Pegging) چیمئپن شپ 2024 کے مقابلے دیکھے اور وزیراعلیٰ نے نیزہ بازی چیمئپن شپ 2024 جیتنے والے کھلاڑیو ں میں انعامات تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی چیف منسٹر نیزہ بازی چیمئپن شپ 2024 میں شرکت کے لئے فورٹریس سٹیڈیم پہنچے تو صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر اور ڈی جی پی ایچ اے نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی گئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نیزہ بازی کے مقابلے دیکھے۔ گھڑسواروں نے مہارت کے ساتھ نیزہ بازی کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گھڑسواروں کی مہارت کی تعریف کی اور نیزہ بازی کے مقابلوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔