• news

لڑائی، نفرت، انتقام سے نقصان ہو گا، شہبازشریف: بیورو کریسی کو دھمکیوں کا مطلب انتشار پھیلانا: مریم نواز

اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔ پہلے بھی ملک کو بحران سے نکالا تھا۔ اب بھی ملک کو مضبوط کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور اور نومنتخب ممبر قومی اسمبلی سردار محمد یوسف سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پروفیسر سجاد قمر، عباس حسین بھی موجود تھے۔ جبکہ پی بی 12 کچھی بولان  بلوچستان سے آزاد  امید وارعاصم کرد نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔ میاں محمد شہبازشریف نے سردار محمد یوسف کو ممبر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ سردار محمد یوسف علاقے اور پارٹی کی مقبول شخصیت ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ گزشتہ دور میں ہمارے پاس دو آیشن تھے یا اپنی مقبولیت کو دیکھتے یا ملک بچاتے، ہم نے دوسرا آپشن اختیار کیا۔ انھوں نے کہا کہ انشااللہ ہم اب بھی ملک کو بحران سے نکالیں گے۔ ملاقات میں سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف کے کہا کہ سیاسی استحکام اس وقت ملک کی ضرورت ہے کہ ریاست کو معاشی خطرات سے بچانے کیلئے واحد حل  سیاسی اتحاد ہے۔ لڑائی، نفرت اور انتقام کا نقصان پاکستان اور عوام کو ہوگا، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان اور ووام کو منڈلائے ہوئے سنگین خطرات سے بچائیں، پاکستان اور عوام کی خاطر پہلء کی طرح اب بھی قومی سوچ پر چلیں گے۔ سردار یوسف نے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ میاں محمد شہبازشریف ملک کا اثاثہ ہیں۔ ملک اس وقت جس صورت حال سے دوچار ہے اس سے نکالنے کے لیے میاں شہباز شریف بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اب بھی مسلم لیگ ہی میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو انتشار کی کیفیت سے نکالے گی۔ پروفیسر سجاد قمر نے بھی میاں محمد شہباز شریف کو پارٹی کی طرف سے وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ ملک کو مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان سے نکالنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ شہباز شریف نے خیبر پی کے میں 9 عسکریت پسندوں کی ہلاکت پر کہا آپریشن انسداد دہشت گردی کے ہمارے عزم کو واضح کرتی ہے۔ انہوں نے شہید سپاہی شاہ زیب اسلم کی بہادری کو سلام پیش کیا۔  پی پی 12 کچھی بولان  بلوچستان سے آزاد امید وارعاصم کرد نے میاں شہباز شریف سے ملاقات کے موقع پر ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ میاں محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے پاکستان  بالخصوص بلوچستان کو ہمیشہ ترقی دی بلوچستان کے عوام کو تعلیم صحت ترقی م؛یں آگے بڑھتا دیکھنا  چاہئے ہیں اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ گوادر سمیت بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح ہے، دانش سکول بنائیں گے ، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ، آئی ٹی اور ہنر سکھاکر زندگی میں کامیاب بنائیں گے ۔ نواز شریف سی پیک سے  پاکستان ، بالخصوص بلوچستان کو ترقی کا مرکز بنانا چاہتے ہیں ۔  علاوہ ازیں  نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ  بیوروکریسی کو قانون شکنی پر اکسانے والوں کو قانون کے مطابق نمٹیں گے۔ بیوروکریسی کو دھمکیوں کا مطلب ریاستی نظام میں انتشار پیدا کرنا ہے،جس کی کھلی چھوٹ تباہی کو دعوت دینا ہے۔ افسران گھبرائیں نہ دھمکیوں سے مرعوب ہوں، قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں۔ افسران کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا گیا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، افسران کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن