صائم ایوب کے رن آئوٹ پر بابر اعظم نے بیٹر سے معافی مانگ لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے رن آؤٹ کرانے پر اپنے اوپننگ پارٹنر صائم ایوب سے معافی مانگ لی۔قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن نائن کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف بیٹنگ کے دوران غلط فہمی کی وجہ سے بابراعظم اور صائم ایوب کی مضبوط پارٹنر شپ ٹوٹ گئی۔نویں اوور میں 91 رنز کے مجموعی سکور پر بابراعطم کی جانب سے غیر ضروری رن لینے کی کوشش کے نتیجے میں صائم ایوب کی وکٹ گنوا بیٹھے جو زلمی کیلئے بڑا دھچکا ثابت ہوا۔میچ کے بعد تقریب میں بابر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے رن آؤٹ کو ٹرننگ پوائنٹ قرار دیا اور صائم سے افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک اچھی پارٹنرشپ بنا رہے تھے اور پارٹنرشپ کو آخر تک لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ بدقسمتی سے یہ میری غلطی تھی جس پر میں نے صائم سے معذرت کی ہے۔ پہلے میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ آئندہ میچز میں اچھا کریں۔ پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک سپنر کو مس کیا، پہلے 6 اوورز اچھے نہیں کیے۔ ڈیتھ اوورز میں ہمیں اس سے بہتر کرنا چاہیے تھا۔ وکٹیں گرنے سے میں تھوڑا سلو ہوا صورتحال کے مطابق چلنا پڑتا ہے، آغاز ہم نے اچھا کیا تھا رن ریٹ کے مطابق تھے۔نوجوان بائولر محمد ذیشان جتنا کھیلیں گے بہتر ہوں گے۔ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے سے متعلق کہا کہ فریش پچ تھی اور موسم بھی ایسا تھا کہ پہلے بائولنگ کرنا بنتا تھا۔ جیسن رائے اور سعود شکیل کو کریڈٹ دینا چاہیے، بائولنگ کا فیصلہ درست تھا رنز کچھ زیادہ کروادیئے۔ بائولنگ کو میچور کیا ہے، جتنی چاہے اچھی بائولنگ ہو پلان کے مطابق کھیلنا پڑتا ہے۔ آصف علی کو صورتحال کے مطابق بھیجا لیکن رنز کچھ زیادہ تھے۔ ہوم گراؤنڈ میں فینز کے سامنے کھیلنا اچھا لگتا ہے، بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں پریکٹس کرتا رہتا ہوں، ہمیشہ پازیٹو رہ کر آگے بڑھتا ہوں۔