کراچی،شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ، ایم کیو ایم کا کارکن قتل
کراچی (آئی این پی ) کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کارکن کو قتل کردیا۔ فائرنگ کا واقعہ شاہ فیصل کالونی نمبر ایک میں پیش آیا، پولیس کے مطابق 35 سالہ مقتول ریحان 2 بچوں کا باپ اور نیو کراچی کنیز فاطمہ سوسائٹی کا رہائشی تھا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ مقتول کیبل کا کام کرتا تھا اور اس کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ مقتول کی اہلیہ کی جانب سے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق بائیک پر بیٹھتے ہی ریحان نے اپنا موبائل فون مجھے دے دیا تھا، خالہ کے گھر سے باہر نکلے تو اچانک 2 موٹرسائیکل سوار ملزمان آگئے، ریحان نے مجھے گھر میں اندر کی جانب دھکا دیا اور اس دوران گولی چلی۔ پولیس کے مطابق مقتول ریحان کو ایک ہی گولی سینے میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی، مقتول ایم کیو ایم (پاکستان) سرجانی ٹان سیکٹر کا جوائنٹ یوسی آرگنائزر تھا۔ سربراہ ایم کیو ایم(پاکستان) ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ ابتر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نگران وزیراعلی سندھ، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے معاملے کی تحقیقات کریں۔