• news

سٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر  23 پیسے، سونا 1100 روپے تولہ مہنگا

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتہ کے پہلے روز تیزی رہی۔ کے ایس ای100انڈیکس 500پوائنٹس بڑھ گیا، جس کی وجہ سے مارکیٹ60ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گئی۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 87 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 88کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔کاروباری تیز ی سے 51.51فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ انٹربنک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بڑھ گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بنک میں روپے کے مقابلے ڈالرکی قدر279.50روپے پر مستحکم رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر23پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قدر281.93 روپے سے بڑھ کر282.16روپے پر جا پہنچی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں گزشتہ کے روز ایک تولہ سونا1100روپے مہنگا ہو کر2لاکھ 14ہزار 300روپے ہو گیا۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پیر کو دس گرام سونے کی قیمت میں 943روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 83ہزار 728روپے پر جا پہنچی جبکہ 8 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 2042 روپے کا ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن