پاکستانی نژاد شاہد چوہدری کینیڈا کی عدالت میں ’جسٹس آف پیس‘ تعینات
ٹورنٹو(نوائے وقت رپورٹ ) پاکستانی نژاد کینیڈین شاہد چوہدری کینیڈا کی عدالت اونٹاریو کورٹ آف جسٹس میں ’جسٹس آف پیس‘ تعینات ہوگئے ہیں۔ شاہد چوہدری پہلے پاکستانی ہیں جو اس قانونی عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔ جسٹس شاہد چوہدری نے کہا اونٹاریو کورٹ آف جسٹس میں بطور جج میری تعیناتی ہو چکی ہے اور آج کل ٹریننگ ہو رہی ہے۔انہوں نے بتایا میں نے قانونی طور پر حلف لے لیا ہے جبکہ عدالت میں عوامی حلف اسی مہینے ہوگا۔واضح رہے ’جسٹس آف پیس‘ کا عہدہ سنبھالنے والے جسٹس شاہد چوہدری کینیڈا کے شہر وِٹ بی کی ڈپٹی میئر ملیحہ شاہد کے شوہر ہیں۔ 25 سال قبل پنجاب کے شہر بورے والہ سے کینیڈا امیگریٹ ہوئے تھے۔ انہوں نے لاہور کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی ہے اور اوسگوڈ ہال لا سکول سے پوسٹ گریجویٹ سرٹیفکیٹ مکمل کیا ہے۔