• news

 مینڈیٹ کے احترام کی ضرورت، افسوس قابل افراد کو سیاست سے نکالا جا رہا: صدر 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مالیاتی شمولیت کیلئے سیاسی شمولیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کروڑوں نوجوان ووٹرز کی جانب سے جمہوری نظام پر اعتماد کے اظہار کو سراہا۔ انہوں نے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر نظام پر نوجوانوں کا اعتماد متزلزل ہوا تو یہ ملکی مفاد میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے تنقید کا سامنا کرنے کیلئے فکری صلاحیت کی کمی  کو پاکستان میں سوشل میڈیا ویب سائٹس کی بندش کی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ قابل افراد کو سیاست سے نکالا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ہوسٹنگ بزنس نیٹ 2024ء کے تیسرے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بزنس نیٹ مالیاتی شمولیت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ تقریب میں کاروباری اور سفارتی برادری کے افراد نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مالیاتی شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے معاشرے کے محروم طبقات بالخصوص خواتین اور خصوصی افراد کو معیشت کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے پر زور دیا۔

ای پیپر-دی نیشن