• news

آئی جی پنجاب کی زیرصدارت ویڈیو لنک کانفرنس،لا اینڈ آرڈرمیں پیش رفت کا جائزہ 

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاہے کہ تمام حالات میں امن کا قیام اورجرائم کنٹرول پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور شرپسندوں کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ عام انتخابات کے پرامن انعقاد میں آر پی اوز، سی پی او اور ڈی پی اوز کی کارکردگی شاندار رہی۔ پنجاب پولیس کو مختصر عرصے میں خوبصورت انفراسٹرکچر، جدید ترین آئی ٹی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے۔ نئے سیف سٹیز، سائبان، سمارٹ پولیس سٹیشنز، ٹریفک دفاتر کی اپ گریڈیشن ٹائم لائن میں مکمل کریں۔ سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کی دیکھ بھال کیلئے موثر فنانشل سپورٹ سسٹم تشکیل دیدیا۔ سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنزکی خوبصورتی اور ورکنگ کو برقرار رکھناسپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے۔ پنجاب پولیس کے 41 نئے ویلفیئر پراجیکٹس سے لاکھوں ملازمین، شہدا  کے اہل خانہ مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، متعلقہ افسران نے کانفرنس میں شرکت کی۔جبکہ ڈاکٹر عثمان انور نے لاہو رکے علاقے جلومیں ٹرانسجینڈرز کیلئے تعمیر کی گئی تحفظ درسگاہ کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی عثمان اکرم گوندل، ایس ایس پی آپریشنز لاہور علی رضا، ایس ڈی پی او گلبرگ اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی اس موقع پر موجود تھے۔سیدہ شہربانو نقوی نے آئی جی کو تحفظ درسگاہ پراجیکٹ بارے بریفنگ دی۔آئی جی نے کہاکہ پنجاب پولیس اور برطانوی تنظیم یوکے کریکولم اینڈ ایکریڈیشن باڈی کے اشتراک سے تحفظ درسگاہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ دریں اثناء  انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور پاکستان کے دورے پر آئے ڈچ ہاکی ٹیم پلئیرز اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن ٹیموں کے کھلاڑیوں اور دیگر شخصیات سے ملاقات کی۔ شائقین ہاکی نے آئی جی کو اپنے درمیان پا کر پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ڈچ ہاکی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن ٹیموں نے آج نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے ہاکی میچ کو پولیس شہداء کے نام منسوب کیا تھا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس شہدا کیلئے ٹربیوٹ میچ منعقد کروانے پر لیجنڈ ہاکی پلئیر خواجہ جنید کی کاوش کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن