ون ویلنگ جان لیوا کھیل ،ایسے عوامل کی حوصلہ شکنی کی جائے :ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ون ویلنگ ایک جان لیوا کھیل ہے،جس کے نتائج مستقل معذوری یا جان سے ہاتھ دھوناہے۔ہر سال نو جوانوں کی ایک بڑی تعداد اس کھیل کے دوران اپنی جان گنوا دیتی ہے۔ان حادثات کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ ایسے تمام عوامل کی حوصلہ شکنی کی جائے جو اس خونی کھیل کا باعث بنتے ہیں۔پولیس افسران شہر کی اہم شاہراؤں پر ون ویلنگ میں ملوث منچلوں کو گرفت میں لیں۔سید علی ناصر رضوی نے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف 126مقدمات درج کئے گئے۔مجموعی طور پرکارروائیوں کے دوران 126ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے والے شر پسند عناصر سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو جان لیوا کھیل کھیلنے سے روکیں کیونکہ ون ویلنگ کرنیوالے افراد خطرناک حادثات کا سبب بنتے ہیں۔اس سلسلہ میں اساتذہ اور سول سو سائٹی اپنی اپنی ذمہ داری ادا کریں۔