• news

امیر بالاج ٹیپو سپرد خاک، ہلاک ہونے والے حملہ آور کی بھی شناخت  

لاہور (نامہ نگار) چوہنگ پولیس نے امیربالاج ٹیپو کے قتل کا مقدمہ طیفی بٹ،گوگی بٹ اور 4نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا ہے جبکہ امیر بالاج ٹیپو کی لاش پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل ہونے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی، جسے نماز جنازہ کے بعد میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔  امیر بالاج ٹیپو کے لواحقین میں بیوہ اور 2بیٹے شامل ہیں۔  یاد رہے کہ بالاج ٹیپو کا دادا بھی مخالفین کے ہاتھوں شاہ عالمی چوک میں اپنے ٹرک اڈے پر قتل ہوا تھا اور اس کا والد ٹیپو ٹرکاں والا کو بھی2010ء میں لاہور ائیر پورٹ پر دبئی سے واپسی پر قتل کر دیا گیا تھا۔ قبل ازیں نماز جناز شاہ عالم چوک میں ادا کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق امیر بالاج ٹیپو پرحملہ کرنے والا شخص شیخوپورہ کے نواحی گاؤں کا رہائشی تھا۔ حملہ آور کی شناخت فنگر پرنٹس کی مدد سے کی گئی۔ حملہ آور کی شناخت مظفر حسین ولد صادق کے نام سے ہوئی۔ ملزم مظفر حسین حساس ادارے کا سابق ملازم نکلا۔ ملزم مظفر حسین 3 بار امیر بالاج کے سامنے گیا تو ان کے بھائی مصعب اور سکیورٹی نے ہٹا دیا۔ ملزم نے ایک روز قبل ہی نیا موبائل فون اور سم خریدی تھی۔ پولیس کے مطابق مظفر حسین کے موبائل فون کی سم کراچی کی رہائشی خاتون لطیفاں بی بی کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔ ملزم نے امیر بالاج کے شادی کی تقریب سے نکلتے ہی سیدھی سائیڈ سے پورا برسٹ چلایا۔ مظفر حسین فائرنگ کے دوران ہی امیر بالاج کے گن مینوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔ ملزم نے 4 شادیاں کر رکھی تھیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ملتان روڈ پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو قتل، تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن