9 مئی واقعات، 7 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 24 فروری تک توسیع
لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے بانی چیئر مین عمران خان کے خلاف نو مئی کے واقعات پر درج سات مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت میں 24 فروری تک توسیع کر دی۔ جناح ہائوس ، عسکری ٹاور ، مسلم لیگ نون ہا؎ئوس جلانے سمیت سات مقدمات کی سماعت کے دوران عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری مکمل نہ ہو سکی ، بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ گزشتہ کئی سماعتوں سے ویڈیو لنک سے حاضری مکمل نہیں ہو رہی ، لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت کی درخواستوں کا چھ دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا اگر ویڈیو لنک پر ممکن نہیں ہے تو بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔ اگر ویڈیو لنک پر نہیں لیا جاتا تو ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دیں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 24 فروری کو واٹس ایپ کے ذریعے تحریک انصاف کے بانی سربراہ کی حاضری کی تعمیل کرائی جائے۔