سینیٹر مشاہد حسین کا نواز شریف کو پی ٹی آئی سے مصالحت کا مشورہ
لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے پارٹی قائد میاں نواز شریف کو تحریک انصاف سے مصالحت کا مشورہ دے دیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں مشاہد حسین سید نے کہا کہ 1977کے بعد انتہائی متنازع انتخابات ہوئے اب آگے کیا کریں، بہت احتجاج ہوگیا، میاں صاحب سٹیٹس مین کا کردار ادا کریں اور سیاسی معاملات اپنے ہاتھ میں لے کر تین چیزیں طے کریں۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ میاں صاحب بڑے دل کا مظاہرہ کریں، وزارت عظمی کا عہدہ پیپلز پارٹی کو دیں، نوازشریف پی ٹی آئی کی طرف مصالحت کا ہاتھ بڑھائیں، الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے والی پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کا احترام کریں۔انہوں نے تجویز دی کہ نوازشریف صدر مملکت، مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کا عہدہ لیں، مخلوط حکومت کی کھچڑی پکانے سے کام نہیں چلے گا، تباہی ہوگی، سیاسی پیوندکاری ہوئی تو 1977ء کے الیکشن کے بعد جیسی ٹریجڈی ہی سامنے آئے گی۔