• news

پاپوا نیوگنی: زمین اور دولت کی تقسیم کا تنازعہ، قبائل میں تصادم، 64 افراد ہلاک، متعدد زخمی

پورٹ مورسبے (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) پاپوانیوگئی میں قبائل کے درمین پُرتشدد واقعات میں 64 افراد ہلاک ہو گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کمشنر ڈیوڈ میننگ نے کہا ہے کہ افسران اور فوج نے شورش زدہ علاقے سے 64 افراد کی نعشیں نکال لی ہیں۔ یہ واقعہ دارالحکومت پورٹ مورسبے سے 600 کلومیٹر شمال مغرب میں واہگ قصبے کے قریب پیش آیا جبکہ علاقے میں شدید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ واقعہ سکن اور کیکن قبائلیوں کے درمیان تنازعہ کا نتیجہ لگتا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق قبائلی تصادم پاپوا نیو گنی کے دور افتادہ ریجن ہوم لینڈز کے صوبے انگا کے ضلع وپینمانڈا میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ہوم لینڈز کئی برسوں سے تصادم کی لپیٹ میں ہے تاہم حالیہ تصادم برسوں کے بدترین تصادم ہیں اور غیرقانونی اسلحے کی موجودگی نے ان تصادم کو مزید ہوا دی ہے۔ پولیس حکام نے آسٹریلین میڈیا کو بتایا کہ یہ اب تک انگا یا شاید ہوم لینڈز میں ہونے والے سب سے خوفناک قبائلی تصادم ہیں، ہم سب اس پر بہت زیادہ تباہ حال اور ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔ انگا میں زیادہ تر قبائلی تصادم کی وجہ زمین اور دولت کی تقسیم ہے اور گزشتہ برس جولائی میں بھی پولیس نے قبائلی تصادم کے پیش نظر 3 ماہ کا لاک ڈاؤن لگاتے ہوئے سفری پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ پاپوا نیو گنی کے تصادم نے گزشتہ برس اگست میں اس وقت عالمی سطح پر زینت پائی تھی جب تصادم کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ تصادم 17 قبائل کے درمیان ہو رہا ہے جسے روکنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

ای پیپر-دی نیشن