• news

 امیر بالاج ٹیپو قتل معاملہ‘مارتے وقت ملزم کاگوگی بٹ سے فون پر رابطہ تھا‘انکشاف

لاہور(نامہ نگار) ٹیپو ٹرکاں والاں کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کے معاملے میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔پولیس زرائع کے مطابق امیر بالاج کے قتل کی واردات کے وقت مارے جانے والا حملہ آور مظفر حسین موبائل فون کے ذریعے گوگی بٹ سے رابطے میں تھا جبکہ واردات کی رات تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کراچی کے راستے بیرون ملک جا چکا تھا۔پولیس کو ملنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے بالاج ٹیپو پر فائرنگ کی جس سے شادی ہال میں بھگدڑ مچ گئی۔حملہ آور نے پستول کا برسٹ بالاج ٹیپو پر چلایا،فائرنگ کے وقت مہمان بالاج ٹیپو کے ساتھ تصاویر بنوا رہے تھے۔پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ اس واقعہ کے بعد قتل میں استعمال ہوانے والا پستول کسی نے جائے وقوعہ سے غائب کر دیا جو تاحال برآمد نہیں ہوسکا ہے۔ پولیس نے تفتیش کے لئے ملزم کی چوتھی بیوی کو حراست میں لے رکھا ہے۔شوٹر مظفر حسین نے 2021 میں چوتھی شادی کی تھی اور3 بیویوں کو طلاق دے چکا تھا۔خاتون نے پولیس کو بتایا کہ مظفرحسین 20 سال سے گوگی بٹ کا ذاتی ملازم تھا۔دوسری جانب انویسٹی گیشن اور سی آئی اے پولیس نے خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کے گھر کینال روڈ اور گوالمنڈی میں چھاپہ مارا،تاہم چھاپے کے دوران گوگی بٹ اور اسکے گن مین فرار ہوگئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن