• news

غلام لالی، رضا گیلانی سنی اتحاد کونسل میں شامل: مزید 32 ارکان کے حلف نامے جمع

اوکاڑہ‘ چنیوٹ‘ لالیاں‘ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی+وقائع نگار) لالیاں کے آزاد ممبر قومی اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ممبر قومی اسمبلی NA-93 لالیاں مہر غلام محمد لالی نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر لی۔ نومنتخب رکن قومی اسمبلی 137 رضا علی گیلانی بھی سنی اتحاد کونسل میں شامل ہو گئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سنی اتحاد کونسل میں شامل ہو رہا ہوں۔ آزاد امیدواروں کا سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے معاملہ پر سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے الیکشن کمشن میں درخواست جمع کروا دی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 50 کامیاب آزاد امیدوار اب تک سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوچکے ہیں، ان آزاد ارکان کو سنی اتحاد کونسل کے ممبر کے طور پر شمارکیا جائے۔  درخواست میں الیکشن کمشن سے  استدعا کی گئی ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو خواتین اور غیر مسلم مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔ سندھ اسمبلی کے 9 آزاد ارکان صوبائی اسمبلی کے سرٹیفکیٹس بھی جمع کرا دیئے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل نے مزید 32 امیدواروں کے بیان حلفی الیکشن کمشن میں جمع کرا دیئے‘ مجموعی تعداد 82 ہو گئی۔ آج مزید ایم این ایز کے بیان حلفی بھی جمع کرا دیں گے۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا صوبائی اسمبلیوں کے کامیاب آزاد امیدواروں کے بیان حلفی بھی جلد جمع کرا دیئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن