پی ایس ایل: کنگز نے زلمی ‘سلطانز نے قلندرز کو ہر ادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 9 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے کیرون پولارڈ کی دھواں دار اننگز کی بدولت پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔کراچی کنگز نے پشاور زلمی کا 155 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں تین وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ کیرون پولارڈ 49 اور جیمز ونس 38 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیتا اور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کی ٹیم 19.5 اوورز میں 154 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ صائم ایوب صفر ‘ محمد حارث 6 ‘کپتان بابر اعظم 72 ، ٹام کوہلر کیڈمور 2، رومن پاؤل 39، آصف علی 23، عامر جمال ایک، لوک ووڈ 8 رنز بناکر پویلین لوٹے۔محمد ذیشان، سلمان ارشاد اور وقار سلام کوئی رن نہ بناسکے۔میر حمزہ اور حسن علی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں کپتان شان مسعود 12 اور محمد اخلاق 24 ‘ شعیب ملک نے 29 رنز بنائے۔ 155 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 3 وکٹوں پر پورا کیا، کیرون پولارڈ نے ناقابل شکست 49 جبکہ جیمز ونس 38 رنز بنائے۔ لیوک ووڈ نے 2،وقار سلامت خیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ یہ پشاور زلمی کی مسلسل دوسری شکست جبکہ کراچی کنگز نے 2 میچز میں یہ پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کا 167 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔کپتان محمد رضوان 82 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ افتخار احمد نے 11 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ملتان میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیتا اور ٹیم نے 5 وکٹوں پر 166 رنز بنائے، وین ڈر ڈوسن 54 ‘ فخر زمان 41، سکندر رضا 23، جہانداد خان 16 ‘صاحبزادہ فرحان 2، رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔محمد علی نے 2، عباس آفریدی اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔پاکستان کے ٹاپ بیٹر بابر اعظم نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔بابر اعظم 271 اننگز میں کرس گیل کا ریکارڈ توڑ کر تیز ترین 10 ہزار ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے کرکٹر بن گئے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 285 اننگز میں 10 ہزار ٹی ٹونٹی رنز بنائے تھے۔بابر اعظم نے یہ سنگ میل آج کراچی کنگز کے خلاف پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے عبور کیا۔بابر اعظم مجموعی طور پر 10 ہزار ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے 13 ویں پلیئر ہیں اور وہ پاکستان سپر لیگ میں 3 ہزار رنز بنانے والے بھی واحد پلیئر ہیں۔بابر اعظم نے کیریئر میں 19 ٹیموں کی جانب سے ٹی ٹونٹی میچز کھیلے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے سب سے زیادہ 14ہزار 562 رنز بنائے ہیں جبکہ پاکستان کے شعیب ملک نے 13ہزار 159 ٹی ٹونٹی رنز بنائے ہیں۔