فلسطین کے حق میں بینر لانے والی خاتون کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم کے گیٹ پر روک لیا گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ کے دوران خاتون فلسطین کے حق میں بینر اٹھانے پر سکیورٹی اہلکاروں نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم کے گیٹ پر روک لیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر)پر ٹوئٹ کرتے ہوئے فریال نامی خاتون نے لکھا کہ میچ کے دوران فلسطین کے حق میں لکھے گئے بینر کو دیکھ کر مجھے سکیورٹی اہلکاروں نے روک لیا اور ایسے پیش آئے جیسے میں کوئی ہتھیار ساتھ لیکر جارہی ہوں۔ اہلکاروں نے کہا کہ یہ بینرز اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے، یہ پولیٹیکل اور متنازع پیغام ہے، کچھ لوگوں کو برا لگتا ہے، اگر آپ اندر جانا چاہتی ہیں تو ان بینرز کو باہر چھوڑنا ہوگا۔ فریال نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کے رویے کے دیکھ میرے ساتھ آئے چھوٹے بہن بھائی خوفزدہ ہوگئے تھے اس لیے میں نے بحث کرنا مناسب نہیں سمجھا۔سکیورٹی اہلکاروں کو جو حکم دیا گیا تھا انہوں نے وہ کیا، ان کا کام یہی تھا۔ پی ایس ایل ٹکٹس کے پیچھے شرائط میں لکھا گیا ہے کہ ایسے پوسٹرز، بینرز یا پلے کارڈز جن میں مذہبی، سیاسی، یا نسلی امتیاز کا متن یا تصاویر شامل ہوں، انہیں لے جانا سختی سے منع ہے۔ سوشل میڈیا پر سوال اٹھ رہا ہے کہ فریال کا پیغام فلسطین پر اسرائیل کے قبضے کے حوالے سے وہی ہے جو پاکستان کے مقف کے مطابق تھا تو کیوں انہیں پوسٹر نہیں لے جانے دیا گیا؟