پشاور: اسلم اقبال کی گرفتاری پی ٹی آئی کارکنوں نے ناکام بنا دی، راہداری ضمانت منظور
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب میاں اسلم کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس پشاور پہنچ گئی۔ گرفتاری کی کوشش پی ٹی آئی کارکنوں نے ناکام بنا دی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے سپیکر ہاؤس خیبر پی کے کے باہر سے میاں اسلم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال کی 4 مارچ تک راہداری ضمانت منظور کی تھی۔ میاں اسلم نے 9 مئی مقدمات میں پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی تھی۔ عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار 4 مارچ تک لاہور ہائیکورٹ یا متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں بصورت پیش نہ ہونے پر حکم واپس ہو گا۔ ہائیکورٹ نے حکم نامے کی کاپی متعلقہ عدالت اور پولیس سٹیشن کو ارسال کرنے کا بھی حکم دیا۔ قبل ازیں میاں اسلم نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی وزیراعظم بنیں۔ ہم پاکستان، اداروں سے محبت کرتے ہیں۔ جیل لیڈر جاتے ہیں، بھگوڑے باہر بھاگ جاتے ہیں۔ دوران سماعت جسٹس عتیق شاہ نے ریمارکس دیتے کہا کہ اسلم اقبال قابل انسان ہیں مگر بدقسمتی سے ان جیسا قابل انسان بھی عثمان بزدار کی کابینہ میںبیٹھا رہا۔ پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور سے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب اسلم اقبال نے ملاقات کی۔ میاں اسلم اقبال نے علی امین گنڈا پور سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کی۔