• news

کویت کے سفیر، چینی، ایرانی قونصل جنرلز کی ملاقاتیں، پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن المطائری نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقا ت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کویت کے سفیر سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات کو مفید معاشی تعاون میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ کویت میں لائیوسٹاک کی بہت مانگ ہے، اس شعبے میں دوطرفہ تعاون کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صرف 30روز میں 6 بزنس فیسیلیٹشن سنٹرز بنائے ہیں۔ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز پر سرمایہ کاروں کو 15روز کے اندر مطلوبہ این او سیز جاری کئے جاتے ہیں۔ کویت کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں۔ کویت کے سفیرناصر  عبدالرحمن المطائری نے کہاکہ پنجاب کے ساتھ لائیوسٹاک اور دیگر شعبو ں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ دو طرفہ تجارتی تعلقا ت میں اضافے کا بہت پوٹینشل موجود ہے۔  محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین (Mr. Zhao Shiren) اور ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ محسن نقوی نے چینی اور ایرانی قونصل جنرل کو پی ایس ایل کے میچ دیکھنے کی دعوت دی۔ چینی اور ایرانی قونصل جنرل نے میچ دیکھنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیر اعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ آپ نے انتہائی مختصر عرصے میں غیر معمولی سپیڈ کے ساتھ عوامی منصوبوں کو مکمل کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ چین پاکستان کا سٹرٹیجک پارٹنر ہے۔ گزشتہ ایک برس کے دوران چین کے ساتھ تعلقات میں مزید وسعت آئی ہے۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ وزیر اعلی محسن نقوی کی قیادت میں  پنجاب حکومت کی درخواست پر مشہد میں شاعر مشرق علامہ اقبال کا مجسمہ نصب کر دیا گیا ہے۔ آپ نے عملی اقدامات کرکے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کیں۔ جو کام آپ نے مختصر دور میں کیا وہ لائق تحسین ہے۔ محسن نقوی نے گزشتہ روز گلاب دیوی ہسپتال کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ نے العلیم میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم کا سنگ بنیاد رکھا۔ محسن نقوی نے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعائے خیر کی۔ وزیراعلیٰ کو پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن