الیکشن کمشن، سرکاری افسروں کیخلاف سوشل میڈیا مہم، جے آئی ٹی تشکیل
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن اور سرکاری افسران کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کیخلاف وفاقی کابینہ نے کارروائی کے لئے جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دیدی۔ اعلیٰ سطح کی جے آئی ٹی 5 ارکان پر مشتمل ہوگی۔ وزارت داخلہ کی سمری پر سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سربراہ ہوں گے۔ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی اور آئی بی کے افسران شامل ہیں۔ گریڈ 20 کے پی ٹی اے اور نادرا افسران بھی شامل ہوں گے۔ کمیٹی کے تین نکاتی اوآرز بھی جاری کئے گئے۔ جے آئی ٹی عام انتحابات سے متعلق سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کرے گی۔ کمیٹی سوشل میڈیا مہم میں شریک عناصر کی نشاندہی بھی کرے گی۔ کمیٹی مستقبل میں ایسی مہم سے بچنے کے لئے تجاویز بھی دے گی۔ جعلی بیلٹ پیپرز چھاپنے اور پراپیگنڈا میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ سوشل میڈیا کی مہم کے ذریعے افسران کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔ تحقیقات کے دوران آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ سرکاری افسران کے خلاف پراپیگنڈا آئین کے آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی ہے۔