پاکستان افغان بارڈر پر آباد قبائل کو پاسپورٹ پالیسی سے استثنیٰ دیا جائے: محمود اچکزئی
چمن (نوائے وقت رپورٹ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے مطالبہ کیا ہے کہ پاک افغان سرحد پر آباد قبائل کو پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ چمن میں باب دوستی پر دھرنے سے خطاب میں محمود خان اچکزئی نے کہا ہم پاکستان اور افغانستان کے درمیان ویزا پاسپورٹ پر آمدورفت کیخلاف نہیں، پاک افغان بارڈر پر ہماری آدھی زمین اور قبرستان دوسری طرف ہے، ایسے میں کیا روزانہ ہزاروں افراد کا ویزا پاسپورٹ پر آنا جانا ممکن ہے؟۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ 4 ماہ سے زائد عرصے سے 40 ہزار لوگ سرد موسم میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں، 4 ماہ سے افغانستان اور سینٹرل ایشیا کے لیے تجارت معطل ہے، بلوچستان کے کئی اضلاع کے 3 لاکھ افراد کا روزگار بند ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن کمشن اور آر اوز سے مطالبہ ہے ضمیرکا سودا نہ کریں، آر اوز عدالت میں جا کر اصل نتائج والا فارم بتا دیں۔