ای سی ایل سے نام نکالنے کی شیخ رشید کی درخواست پر جواب طلب
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)سے نکالنے کے مقدمے میں وفاق اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کر دیا۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف مقدمے کی سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے کی۔دوران سماعت شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے، وکیل نے شیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی۔درخواست گزار کی استدعا پر عدالت عالیہ نے وفاق اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 فروری تک جواب طلب کر لیا ہے۔عدالت میں پیشی کے موقع پر شیخ رشید میڈیا سے گفتگو کیے بغیر ہی روانہ ہو ئے۔