• news

 لیو انکیشمنٹ ترامیم ، اساتذہ و سرکاری ملازمین فاقہ کشی کا شکار ہو جائینگے:چوہدری سرفراز 

لاہور(نیوز رپورٹر) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پاکستان و پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار، رانا انوار، نادیہ جمشید، ملک مستنصر باللہ اعوان، مصطفی سندھو ،آغا سلامت، اسلم گھمن ،چوہدری محمد علی، میاں ارشد، رانا الیاس، چوہدری عباس، طارق زیدی، مرزا طارق، رانا خالد، طاہر اسلام، غفار اعوان، نذیر گجر، اختر بیگ، مصطفی وٹو ودیگر نے کہا ہے کہ لیو انکیشمنٹ رولز میں ظالمانہ ترامیم سے اساتذہ و سرکاری ملازمین ریٹائرمنٹ کے بعد فاقہ کشی کا شکار ہو جائیں گے۔ ان غاصبانہ ترامیم سے ہر سرکاری ملازم کو ریٹائرمنٹ پر لاکھوں روپے کا نقصان ہو گا۔ اساتذہ و سرکاری ملازمین پوری سروس اس امید پر رہتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ پر مناسب رقم ملے گی تو اپنا گھر بنالیں گے یا حج وعمرہ کی سعادت حاصل کر سکیں گے لیکن نگران حکومت نے لیو انکیشمنٹ رولز میں ظالمانہ ترامیم کر کے اساتذہ و ملازمین کے معاشی حقوق پر شب خون مارا ہے جس پر اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین معاشی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ لہٰذا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے مطالبہ ہے کہ آپ کا دور حکومت ختم ہونے کو ہے سرکاری ملازمین پر ترس کھائیں اساتذہ و ملازمین کے بڑھاپے کا سہارا لیو انکیشمنٹ کے سابقہ رولز کو بحال کر کے ملازمین کے معاشی قتل کو روکیں اور جاتے جاتے ملازمین کو ان کا معاشی حق دے کر رخصت ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن