• news

نگران وزیراعظم سے الوداعی ملاقات، عوام کو بیانات سے غرض نہیں، عملی اقدامات سے مطمئن ہوتے ہیں: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب نے وزیر اعظم کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام کیلئے حکومتی اقدامات پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم نے نگران وزیر اعلی پنجاب کی قلیل مدت میں پنجاب کے ہر شعبے بالخصوص صحت، تعلیم اور مواصلاتی ڈھانچے کی ترقی کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں  محسن نقوی کی دعوت پر چین، ترکیہ اور ایران کے قونصل جنرل  کی میچ دیکھنے قذافی سٹیڈیم آمد ہوئی۔ محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین (Mr. Zhao Shiren)، ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو (Mr.Durmus Bastug) اور ایران کے قونصل جنرل مہران مواحدفر کا خیرمقدم کیا۔ چین، ترکیہ اور ایران کے قونصل جنرل نے محسن نقوی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ محسن نقوی نے کہا پی ایس ایل کے میچوں سے امن اور محبت کا پیغام عام ہو رہا ہے۔ محسن نقوی کی الوداعی ملاقاتیں گزشتہ روز بھی جاری رہیں۔ امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز اور ترکیہ کی قونصل جنرل درمش باشتو  نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ امریکی قونصل جنرل اور ترکیہ کے قونصل جنرل نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو پی سی بی کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے امریکی قونصل جنرل اور ترکیہ کے قونصل جنرل کو پی ایس ایل 9 کا میچ دیکھنے کی دعوت دی۔ امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو کرکٹ بال کا تحفہ دیا اور پی ایس ایل 9 کے انعقاد کو سراہا۔ امریکی قونصل جنرل نے ڈپلومیٹک انکلیو میں قونصلیٹ کے لئے اراضی کے لئے اقدامات پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب کی ٹیم نے ڈلیور کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں صرف 30روز کے اندر 6بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر آپریشنل کئے۔ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز پر 120 این او سیز کا اجراء  صرف 15دن میں کیا جارہا ہے۔ انتہائی تیز رفتاری سے راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں۔ تینوں بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معاونت سے آپریشنل کئے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ T20 ورلڈ کپ رواں برس امریکہ میں ہورہا ہے، امید ہے پاکستانی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔ پاکستانی قوم کرکٹ اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے۔ دریں اثناء  ترکیہ کے قونصل جنرل نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی عوامی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ ترکیہ قونصل جنرل نے کہا کہ آپ نے انتہائی تیزی سے بے شمار منصوبے کامیابی سے مکمل کئے اور دن رات کام کر کے  دکھایا۔ جب بھی ٹی وی دیکھیں آپ کبھی ہسپتال کا دورہ کررہے ہوتے ہیں، کبھی کسی عوامی منصوبے کا۔ آپ انتہائی متحرک اور فعال وزیراعلیٰ ہیں۔ محسن نقوی نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔  محسن نقوی نے پی آئی ٹی بی کی پوری ٹیم کے لئے 3کروڑ روپے کے خصوصی انعام کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ  نے  کہا کہ 13ماہ میں پی آئی ٹی بی نے اپنی استعداد سے بڑھ کر ڈلیور کیا ہے اورکسی بھی ادارے کا کوئی بھی پراجیکٹ پی آئی ٹی بی کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ عوام کو اعلانات یا بیانات سے غرض نہیں بلکہ عملی اقدامات پر ہی عوام مطمئن ہوتے ہیں۔ عوام چاہتے ہیں کہ حکومت ان کے لئے کام کرکے دکھائے اور عوام صرف سروس ڈلیوری چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب کابینہ کا الوداعی اجلاس آج 23فروری کو طلب کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن