جیل انتظامیہ کا بشریٰ بی بی کو اڈیالہ منتقل کرنے سے انکار
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم و بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر اڈیالہ جیل انتظامیہ نے سابق خاتون اول کو جیل منتقل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مقدمے کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان گل عدالت میں پیش ہوئے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بشریٰ بی بی کو جیل منتقل نہیں کر سکتے ہیں، جیل میں جگہ کم ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر عظمیٰ خان کی بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست پر لگے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیئے گئے۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز آج عظمیٰ خان کی درخواست پر سماعت کریں گی۔