پیپلز پارٹی وزارت عظمی کا ووٹ دے کر ہم سے صدارت کا ووٹ لے رہی ہے: رانا ثنا اللہ
لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وزارتیں لے یا نہ لے وہ ہمارے ساتھ ہے۔،پیپلز پارٹی والے اگر ہمیں وزارت عظمی کا ووٹ دے رہے ہیں تو ہم سے صدارت کا ووٹ لے بھی رہے ہیں،اگر کوئی حکومت بنانا چاہتا ہے تو نمبرز پورے کرے اور بنالے۔ایک انٹر ویو میں پیپلز پارٹی کی حکومت میں شمولیت سے ہچکچاہٹ سے متعلق سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مخلوط حکومت کے ہر فیصلے کے ذمہ دار سب ہوں گے، بلاول بھٹو کوئی بھی وزارت لینا نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ 16 ماہ کے دوران 13 جماعتوں کے ساتھ حکومت کی، شہباز شریف کو مخلوط حکومت چلانے کا تجربہ ہے، پہلے 13جماعتیں تھیں اب صرف تین جماعتیں ہیں۔رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب میں گورنر شپ کا مطالبہ کیا ہے، ایم کیو ایم کو بھی وزارتیں باہمی مشاورت سے دی جائیں گی۔